ناندیڑ: ۷؍جولائی (اعتمادنیوز)حمایت نگر کے وڑگاؤں علاقہ میں گزشتہ رات اچانک لگی آگ سے ۱۰؍مکانات جل کر خاکستر ہوگئے ۔ جس میں لاکھوں روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ ناندیڑ ضلع میں گزشتہ کچھ دنوں سے بارش نہ ہونے سے کسان پریشان حال ہے اور معاشی بحران کا بھی شکار ہوچکے ہیں ۔ ایسے میں حمایت نگر کے وڑگاؤں میں ۱۰؍کسانوں پر مزیدایک مصیبت آپڑی ۔ گزشتہ رات ۱۲؍بجے کے قریب اچانک ۱۰؍مکان آگ کی زد میں آگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے کسانوں کے یہ کچے مکان جل کر خاکستر ہوگئے ۔ اس آگ میں مکانوں میں رکھا ہوا اناج ، روزمرہ کی ضروری اشیاء ، کپڑے ، پالتو جانور ، نقد رقم اور کاغذات
بھی جل کر خاک ہوگئے ۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی رات میں حمایت نگر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب کیا گیاتھا اور گاؤں کے لوگوں نے بھی پانی کا چھڑ کاؤ کرکے آگ پر رات دیر گئے قابو پا یا ۔ آج صبح تلاٹھی اور پولس کے افسران نے آکر آگ سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لے کر اس کا پنچنامہ کیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس آگ میں وڑگاؤں کے رہنے والے گنگادھر مال سوٹے ، لکشمن مال سوٹے ، ہولا جی تپے کر ، آنند تپے کر ، سکھارام تپے کر ، ماروتی شندے ، بالاجی شندے ، راجا رام شندے ، گیانو با پاؤڑے ، رامیشور پاؤڑے ان کسانوں کے مکان جل کر خاکستر ہوگئے ۔ آگ کے سبب تقریباً۱۱؍لاکھ روپئے کا مالی نقصان ہوا ہے ۔ آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہ ہوسکا ۔